تحریر: اشرف الدین پیرزادہ
سوات: ضلع سوات کے علاقے بریکوٹ میں واقع پارڑی پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں نے رات کے وقت چوکی پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا اور حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اسرار اور وارث خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بریکوٹ منتقل کیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا۔ حکام کے مطابق، ملزمان کی تلاش جاری ہے اور علاقے کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر عوامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔