پختون تحفظ تحریک ریاست پاکستان کے خلاف نہیں ہے: پی ٹی ایم کارکنان

0
3641

نصیب شاہ شینواری
لنڈیکوتل: پختون تحفظ مومنٹ کے رہنماء اور فاٹا لائیر زفورم کے صدر رحیم شاہ آفریدی نے ساتھیوں کے ہمراہ لنڈی کوتل پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تحریک ریاست پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ پختون قوم کو متحد کرنے اور ان کے حقوق کے لئے شروع کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی ایم ایک غیر سیاسی اور پختونوں کے لئے بلا امتیاز کام کرنے والی تنظیم اور تحریک کا نام ہے جس کے مقاصد، اغراض اور مطالبات واضح اور آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔

رحیم شاہ آفریدی نے کہا کہ یکم اپریل کو پی ٹی ایم کا بہت بڑا جلسہ لنڈی کوتل میں منعقد کیا جائیگا اور اس جلسے میں شرکت کے لئے باڑہ اور جمرود سے بھی کثیر تعداد میں لوگ احتجاجی جلوس کی شکل میں آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ تیس ہزار سے زیادہ قبائلی عوام غائب کر دیئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے کارکن قبائلی علاقوں میں قائم چیک پوسٹوں کا خاتمہ اور ان سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر روا رکھے گئے نامناسب رویئے کو برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں لوگوں کی زندگی اور ان کے گھروں کو برباد کر دیا گیا جس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

رحیم شاہ آفریدی نے کہا کہ پی ٹی ایم کوئی سیاسی جماعت نہیں اور نہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی ہے جبکہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لینگی رحیم شاہ آفریدی نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں بات کر کے جائز مطالبات کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پختون تحفظ مومنٹ عدم تشدد اور ایک پر امن تحریک کا نام ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی ایم پہلے مسعود تحفظ مومونٹ تھی جو کہ اسلام آباد دھرنے کے بعد پختون تحفظ مومنٹ میں تبدیل کر دی گئی جو کہ پختونوں کے لئے ایک تحفہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر جگہ پختون اس تحریک کا ساتھ دیتے ہیں اور روز بروز اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہیں کر رہی اور صرف چند سو افراد کو رہا کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا جب تک تمام ہزاروں لاپتہ افراد کو رہا نہیں کر دیا جاتا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ان لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کرکے سزا دیں اور یونہی لاپتہ ہونا ریاست کے ساتھ صرف اور صرف نفرت کو ہوا دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے ہر پروگرام میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جاتی ہے تاہم ان کے سٹیج سے کوئی بھی غلط بات نہیں کر سکے گا اور نہ کسی سیاسی جماعت کو اپنا جھنڈا لانے کی اجازت ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ صرف پی ٹی ایم کا کالا جھنڈا لہرا دیا جائیگا۔ رحیم شاہ آفریدی نے طورخم میں مقامی لوگوں کا کاروبار خراب کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ طورخم سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں شعوری طور پر لوگوں کی معیشت خراب کی جاتی ہے جس کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here