شمالی وزیرستان میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کی دراندازی ناکام، 30 دہشتگرد ہلاک

0
45

نامہ نگار خصوصی
وزیرستان: پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک-افغان سرحد کے قریب بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ “فتنۃ الخوارج” کی دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ بھرپور اور بروقت کارروائیاں یکم اور 2 جولائی، اور پھر 2 اور 3 جولائی 2025 کی درمیانی راتوں میں کی گئیں، جن میں سیکیورٹی فورسز نے دشمن کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشتگرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم، پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی چوکسی اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی تمام کوششیں ناکام بنائیں اور مجموعی طور پر 30 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو کہ پاکستان میں بڑی تخریب کاری کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کا ہر سطح پر خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی غیر ریاستی یا غیر ملکی ایجنٹ کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here