رپورٹ: اشرف الدین پیرزادہ
خیبر: وادیٔ تیراہ کے علاقے میدان میں اتوار کے روز مظاہرین پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے، جب کہ کم از کم 16 افراد گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق زخہ خیل قبیلے کے افراد ایک روز قبل گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے جاں بحق ہونے والی کم سن بچی کے لواحقین، باغ مرکز میں واقع آرمی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ احتجاج پُرامن تھا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر مظاہرین پر فائرنگ کر دی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شکور خان، ضیاء الرحمان، حنات شاہ، اکمل خان، اور سعید آفریدی۔کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمیوں کی تعداد 16 بتائی گئی ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر پشاور کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قبائلی مشران اور مقامی افراد نے نہتے شہریوں پر طاقت کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات اور سول و عسکری قیادت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔