معصوم حفاظ قرآن کو شہید کرنا اصل دہشت گردی ہے: جمعیت علمائے اسلام

0
3986

فاٹا وائس نیوز رپورٹ
لنڈیکوتل: خیبر ایجنسی کی ہیڈکوارٹر اور تحصیل لنڈیکوتل میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام افغانستان کے معصوم حفاظ کرام پر امریکہ کی وحشیانہ بمباری کے خلاف ایک مظاہرہ کیا گیا ، مظاہر ے میں کثیرتعداد میں مقامی افراد اور جے یو آئی کے رہنماوں نے شرکت کی۔ 
امریکی بربریت پر انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی خاموشی معنی خیز ہے،حکومت پاکستان نیٹو سپلائی کو بند اور امریکی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے۔مفتی اعجاز شینواری،مولانا سعید انور

مظاہرین لنڈیکوتل بازار کے باچاخان چوک میں جمع ہوئے جہاں انھوں نے افغانستان میں مسلسل امریکی جارحیت اورمدارس کے طلباء پر بمباری کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں جے یو آئی فاٹا کے جنرل سیکرٹری مفتی اعجاز شینواری،جے یو آئی حلقہ محسود کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سعید انور،مولانا عبداللہ حقانی،پیر محمد عمر بنوری،قاری جہاد شاہ آفریدی اور مولانا مجاہد احمد سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعجاز شینواری اور مولانا سعید انور ودیگر نے کہا کہ افغانستان کے صوبے قندوز میں حفاظ کرام کی دستار بندی تقریب پر امریکی حملہ درندگی کی بد ترین مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ معمولی معمولی باتوں پر چیخیں مارنے والے دنیا کے انسانی حقوق کی تنظیمیں اورمسلمانوں کے بے حس حکمران آج سینکڑوں معصوم حفاظ کرام کی شہادت پر خاموش ہیں جو قابل افسوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ہے کیونکہ افغانستان ،فلسطین،عراق،لیبیا،عرب ممالک اور پورے دنیا کے مسلمانوں پراپنی مفادات کے حصول کیلئے ظلم کر رہا ہے جس پر اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے ممالک خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نیٹو سپلائی کو بند کرے اورامریکی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے ، نیٹو کاروبار میں ملوث افراد اس کاروبار سے کنارہ کشی اختیار کرے تاکہ بے گناہ مسلمانوں کی مزید خون بہنا بند ہوجائے۔آخر میں متفقہ طور پرایک قرارداد بھی منظور کی گئی اور لنڈیکوتل بازار میں ریلی بھی نکالی گئی جس میں مظاہر ین نے قندوز حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورامریکی افواج کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here