پاک افغان بارڈر طورخم پر تجارتی سرگرمیاں بحال، کسٹم ایجنٹس نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

0
3038

نصیب شاہ شینواری

تورخم: پاک افغان بارڈر طورخم پر آج پانچویں روز آل طورخم کسٹم کلیرینس ایجنٹس نے قلم چھوڑ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

زرقیب شینواری، صدر آل طورخم کسٹم کلیرینس ایجنٹس نے لنڈیکوتل پریس کلب میں میڈیا کو بتایا کہ آج بروز پیر ہمارے مذاکرات کسٹم کلیکٹر جدون اور دیگر حکام کے ساتھ پشاور میں ہوئے۔

کسٹم کلیکٹر جدون کے ساتھ مذاکرات میں آل طورخم کسٹم کلیرینس ایجنٹس کے صدر زرقیب شینواری، پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس کے سابق سینیر نائب صدر اورفرنٹیر کسٹم کلرینس ایجنٹس کے صدر ضیاالحق سرحدی بھی موجود تھے۔

زرقیب شینواری نے کہا کہ کسٹم حکام نے ہمارے جائز مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرائی جس پر تمام کسٹم ایجنٹس نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ طورخم میں حکام نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ طورخم میں تیز انٹرنیٹ اور عملہ میں اضافہ کیا جائے گا۔

طورخم میں کسٹم ایجنٹس سے معلوم ہوا کہ انھوں نے بارڈر پر کھڑے ایمپورٹ اور ایکسپورٹ گاڑیوں کی کلیرینس کا کام شروع کیا ہے۔ دوسری طرف ٹرانسپورٹرز اور مقامی مزدوروں اور تاجروں میں پاک افغان بارڈر طورخم پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہونے کی وجہ سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here