لنڈی کوتل: پولیس کا انسدادِ منشیات آپریشن، 30 کلوگرام آئس برآمد، 4 ملزمان گرفتار

0
45

رپورٹ: فضل امین شنواری

لنڈی کوتل: ضلع خیبر میں پولیس نے انسدادِ منشیات کے ایک بڑے آپریشن کے دوران 30 کلوگرام کرسٹل میتھ (آئس) قبضے میں لے لی ہے۔ پولیس حکام نے جمعہ کے روز کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی کی نگرانی میں سب انسپکٹر اجت خان نے لنڈی کوتل بائی پاس پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روکا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 14 کلوگرام آئس برآمد ہوئی جبکہ موقع پر موجود دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی نشاندہی پرپولیس نے ایک مقامی حجرے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 16 کلوگرام مزید آئس برآمد ہوئی۔ اس کارروائی کے دوران دو اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) رائے مظہر اقبال کے مطابق یہ کارروائیاں منشیات فروشوں کے خلاف جاری بھرپور مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد خطے میں مصنوعی نشہ آور اشیاء کی ترسیل کو روکنا ہے۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے میں پولیس کا ساتھ دیں اور منشیات سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

انہوں نے کہا، “ہم کسی بھی قیمت پر آئس اور دیگر مصنوعی نشہ آور اشیاء کو اپنے نوجوانوں تک نہیں پہنچنے دیں گے۔ یہ کارروائی منشیات فروشوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔”

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ پولیس حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ نیٹ ورک سرحد پار اسمگلنگ سے بھی منسلک ہو سکتا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here