ضلع کرم: سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائی، پانچ اساتذہ کے قتل میں ملوث دو مطلوب دہشت گرد ہلاک

0
26

تحریر نمائندہ خصوسی

ضلع کرم: خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران پانچ اساتذہ کے قتل میں ملوث دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی ضلع کرم کے علاقے تری منگل میں کی گئی، جہاں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گھیراؤ کر کے کارروائی کی۔ مقابلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہلاک کیے گئے دہشت گرد ضلع کرم کے علاقے تری منگل میں سرکاری اسکول کے پانچ اساتذہ کو فائرنگ کرکے شہید کرنے میں ملوث تھے۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری پر حکومت نے 50، 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔

کارروائی کے دوران ایک مقامی شہری پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث مجموعی طور پر پانچ اشتہاری ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، جن کی گرفتاری یا انجام تک پہنچانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری تھیں۔

علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ دیگر مفرور ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here