آئی جی خیبرپختونخوا کا دورہ ضلع خیبر، قبائلی اضلاع میں پہلا جدید پولیس سہولت مرکز قائم

0
39

تحریر: اشرف الدین پیرزادہ

لنڈی کوتل: انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پیر کے روز ضلع خیبر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی اضلاع میں اپنی نوعیت کے پہلے جدید پولیس سہولت مرکز کا باضابطہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں سی سی پی او پشاور، ڈی پی او خیبر اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پی نے سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا جن میں ڈرائیونگ لائسنس ڈیسک، کریکٹر سرٹیفکیٹ سیکشن، کرایہ دار و ملازم رجسٹریشن، عوامی شکایات سیل، خواتین و بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹر، کنٹرول روم اور پولیس ڈرائیونگ اسکول شامل ہیں۔ انہیں متعلقہ افسران نے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ ضلع خیبر میں ایک منظم، عوام دوست اور جدید سہولت مرکز کا قیام قبائلی علاقوں کے لیے ایک سنگِ میل ہے، خصوصاً ان حالات میں جب وسائل محدود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت قبائلی اضلاع کو صوبے کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مراکز عوام اور پولیس کے درمیان خلیج کم کرنے اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

آئی جی پی نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو بروقت اور مؤثر خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں اور پولیس فورس کے وقار کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے تحفظ کے لیے پولیس کے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ “ہمارے شہداء ہماری فورس کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا”، آئی جی پی نے اپنے خطاب میں کہا۔

ذوالفقار حمید نے اعلان کیا کہ بہت جلد دیگر تمام ضم شدہ اضلاع میں بھی اسی طرز کے جدید پولیس سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قبائلی پولیس کو جدید اسلحہ، سازوسامان اور اعلیٰ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور قانون نافذ کرنے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here